بلوچستان حکومت کا صوبے میں برسوں سے بند 3700 اسکول کھولنے کا فیصلہ
- 01, اکتوبر , 2024
نیوز ٹوڈے : بلوچستان حکومت نے صوبے میں برسوں سے بند 3700 اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔محکمہ تعلیم بلوچستان کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں اساتذہ کی عدم دستیابی کے باعث 3700 کے قریب اسکول کئی سالوں سے بند پڑے ہیں۔محکمہ تعلیم کے مطابق سب سے زیادہ 254 سکول پشین میں ہیں جبکہ 251 سکول خضدار اور 152 سکول کوئٹہ میں ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ محکمہ تعلیم بلوچستان ان بند اسکولوں کو فعال کرنے کے لیے کنٹریکٹ پر اساتذہ کی بھرتی کرے گا اور 11 اکتوبر تک محکمہ تعلیم نے مختلف اسکولوں میں تدریسی آسامیوں کے لیے امیدواروں سے درخواستیں طلب کی ہیں۔
محکمہ تعلیم کے حکام کے مطابق اساتذہ کی بھرتی ہر ضلع میں ڈپٹی کمشنرز کی نگرانی میں ایک کمیٹی کرے گی۔دوسری جانب صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ پشین اور آواران میں 40 بند اسکول کھولنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
تبصرے