پنجاب حکومت نے لاہور میں بھی دفعہ 144 نافذ کر دی

دفعہ 144 نافذ

نیوز ٹوڈے :   پنجاب حکومت نے صوبے کے دیگر شہروں کے بعد لاہور میں بھی دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے شہر میں دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ 3 اکتوبر سے 8 اکتوبر تک 6 روز کے لیے کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 3 سے 8 اکتوبر تک لاہور کی حدود میں ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج اور دیگر تمام سرگرمیوں پر پابندی ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر کوئی بھی عوامی اجتماع دہشت گردوں کا آسان ہدف ہوسکتا ہے، اس لیے دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پنجاب کے دیگر اضلاع فیصل آباد، بہاولپور، ٹوبہ ٹیک سنگھ، میانوالی، چنیوٹ اور جھنگ میں دفعہ 144 نافذ ہے جب کہ تحریک انصاف نے 5 اکتوبر کو مینار پاکستان لاہور پر احتجاج کی کال بھی دے رکھی ہے۔ پنجاب حکومت نے صوبائی اسمبلی میں ایک ترمیمی بل پیش کیا ہے جس کے تحت دفعہ 144 عوامی اجتماعات پر پابندی کے لیے استعمال ہونے والا نوآبادیاتی دور کا قانون ہے، جسے کم از کم تین ماہ کے لیے نافذ کیا جا سکتا ہے۔

user

تبصرے

بطور مہمان تبصرہ کریں:
+