پی ٹی آئی کا احتجاج، اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستے کنٹینرز لگا کر بند کر دیے گئے
- 04, اکتوبر , 2024
نیوز ٹوڈے : تحریک انصاف کی جانب سے آج ڈی چوک پر احتجاجی مظاہرے کے اعلان کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کے بیشتر داخلی و خارجی راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔موٹروے ایم ون پر اسلام آباد سے داخلی اور خارجی راستے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔ راولپنڈی میں میٹرو بس سروس بدستور معطل رہے گی جب کہ جڑواں شہروں میں نجی تعلیمی ادارے بھی آج بند رہیں گے۔
اسلام آباد میں ریڈ زون کے داخلی راستوں کو بھی کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے، فیض آباد، سیکٹر آئی 8، آئی جے پی ڈبل روڈ، مارگلہ روڈ کو بھی کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔مری روڈ، اسلام آباد ایکسپریس وے سنگجانی، سیکٹر G-11 چوک، گولڑہ موڑ، 26 نمبر چونگی بند اور ٹیکسلا تک بھی کنٹینرز پہنچائے گئے۔
انتظامیہ نے راولپنڈی میں بھی سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی ہے، 4 ہزار اہلکار اور اہلکار تعینات ہوں گے جب کہ راولپنڈی میں آج میٹرو بس سروس معطل رہے گی۔ جبکہ میٹرو بس کو آئی جے پی روڈ سے پاک سیکرٹریٹ تک بحال کیا جائے گا۔
آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن نارتھ پنجاب کے صدر ابرار احمد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسلام آباد میں سیاسی جماعتوں کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر آج راولپنڈی شہر کے تمام نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
اسلام آباد پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے بھی آج اسلام آباد میں اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔جنرل سیکرٹری پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن وحید خان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بچوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔ گزشتہ روز بھی سکول کے طلباء کو کنٹینرز کی وجہ سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
تبصرے