اسلام آباد میں احتجاج میں پولیس نے کے پی حکومت کی مشینری، گاڑیاں اور عملہ تحویل میں لے لیا

حکومتی مشینری

نیوز ٹوڈے :    اسلام آباد میں تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران استعمال ہونے والی خیبرپختونخوا حکومتی مشینری، ریسکیو گاڑیوں اور اہلکاروں کو اسلام آباد پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔اسلام آباد پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں چھاپہ کے پی سے لائی گئی مشینری اور اہلکاروں نے مارا، کیسز میں ثبوت کے طور پر عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی جانب سے تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران رکاوٹیں ہٹانے اور کارکنوں کی مدد کے لیے لائی گئی سرکاری مشینری اور ریسکیو گاڑیوں اور عملے کے ارکان کو بھی اسلام آباد پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کی 17 ریسکیو گاڑیاں، 6 ایمبولینسز، 7 فائر ٹینڈرز، 3 واٹر ٹینڈرز اور ایک کرین کو تحویل میں لے لیا گیا ہے، یہ ریسکیو گاڑیاں اور مشینری مردان، چارسدہ، پشاور، باجوڑ، دیر، سوات اور صوابی سے لی گئی ہے۔اسلام آباد سے احتجاج کے دوران  خیبرپختونخوا کے 64 ریسکیو اہلکار، 24 پولیس اہلکار اور  8 اہلکاروں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹر جنرل ریسکیو ڈاکٹر ایاز کا کہنا ہے کہ ہماری وکلا کی ٹیم مشینری اور اہلکاروں کی بازیابی کے لیے اسلام آباد میں موجود ہے، مشینری اور اہلکاروں کو واپس لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر صوبے میں کوئی ایمرجنسی ہوئی تو مشینری اور عملہ کی عدم دستیابی کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

دوسری جانب ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کی مشینری اور اہلکاروں نے اسلام آباد پر حملہ کیا، اس حوالے سے قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ مقدمات میں مشینری شامل ہے، اسے بطور ثبوت عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

 

user

تبصرے

بطور مہمان تبصرہ کریں:
+