عوام کے لیے خوشخبری، حکومت نے آئی پی پیز سے معاہدے ختم کرنا شروع کر دیے
- 11, اکتوبر , 2024
نیوز ٹوڈے : وفاقی کابینہ نے آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ختم کرنا شروع کر دیے ہیں اور وزیراعظم نے کہا ہے کہ پانچ آئی پی پیز کے ساتھ ٹیک اینڈ پے معاہدے ختم کر دیے گئے ہیں۔ مہنگی بجلی کے ستائے پاکستانی عوام کے لیے خوشخبری ہے کہ وفاقی کابینہ نے مہنگی بجلی کے ذمے دار آئی پی پیز سے معاہدے ختم کرنا شروع کر دیے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران بتایا ہے کہ پانچ آئی پی پیز کے ساتھ ٹیک اینڈ پے معاہدے ختم کر دیے گئے ہیں۔ اس اقدام سے بجلی کے صارفین کے 60 ارب روپے اور قومی خزانے کو 411 ارب روپے کی بچت ہوگی۔
شہباز شریف نے کہا کہ 5 آئی پی پیز کے واجبات ادا کیے جائیں گے، تاہم سود معاف کر دیا گیا ہے۔ ان آئی پی پیز کے مالکان نے خوش دلی اور رضامندی سے ان کنٹریکٹس کے خاتمے کو قبول کیا اور قومی مفاد کو ترجیح دے کر ذاتی مفادات کو قربان کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ پانچ آئی پی پیز سے بجلی خریدنے کے معاہدے ختم کرنا ایک آغاز ہے۔ اس کے بعد دیگر آئی پی پیز سے بھی بات کی جائے گی اور ان کے ساتھ ہونے والے معاہدوں پر نظر ثانی کرکے بجلی کے نرخوں میں کمی کی جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب آئی ایم ایف کے پاس جا رہے ہیں، وزیر توانائی بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔ وزیر خزانہ کی قیادت میں وفد آئی ایم ایف کو پورے معاملے کی وضاحت کرے گا۔
تبصرے