پی ٹی آئی نے مطالبہ ماننے کے بعد آج کے احتجاج کی کال واپس لے لی
- 15, اکتوبر , 2024
نیوز ٹوڈے : پاکستان تحریک انصاف نے آج کا احتجاج ملتوی کر دیا ہے۔احتجاج ملتوی کرنے کا فیصلہ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں اکثریت نے کہا کہ احتجاج کی کال واپس لی جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ احتجاج ملتوی کرنے کا فیصلہ وسیع تر قومی مفاد میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کے تناظر میں کیا گیا۔ بعد ازاں پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے ڈی چوک پر احتجاج کی کال واپس لینے کی تصدیق کرتے ہوئے باضابطہ اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حکومت کی جانب سے باضابطہ رابطہ کیا اور پی ٹی آئی کے بانی کا طبی معائنہ کرانے کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ نے یقین دلایا کہ آج صبح ڈاکٹروں کو اڈیالہ جیل بھیج دیا جائے گا۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کی یقین دہانی پر پرامن احتجاج موخر کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر 15 اکتوبر کو ڈی چوک پر احتجاج کا اعلان کیا تھا۔ تحریک انصاف نے شرط رکھی تھی کہ بانی پی ٹی آئی سے ملے تو 15 اکتوبر کو ڈی چوک پر ہونے والا احتجاج ملتوی کر دیں گے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے 15 اکتوبر کا احتجاج ملتوی کرنے کی تحریک انصاف کی شرط مان لی اور عمران خان کے طبی معائنے کے لیے تیار ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پمز اسپتال کے ڈاکٹر کل صبح اڈیالہ جیل میں پی ٹی آئی بانی کا معائنہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے ذاتی معالج کو بھی پی ٹی آئی بانی سے ملاقات کی اجازت دے دی ہے۔
تبصرے