آج ایک تاریخی دن ہے، ایک بار پھر قومی اتحاد و اتفاق کی عظیم مثال قائم ہوئی ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف

نیوز ٹوڈے :   قومی اسمبلی سے 26 آئینی ترامیم کی منظوری کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج ایک نیا سورج طلوع ہوگا جو پورے ملک کو روشنی دے گا۔

انہوں نے کہا کہ محلاتی سازشوں کے ذریعے حکومتیں گھر بھیجی گئیں، وزرائے اعظم کو فارغ کیا گیا، آج فیصلہ ہو گیا ہے کہ پارلیمنٹ سپریم ہے۔ ایسی آئینی ترامیم کی گئی ہیں جو پاکستان کا مستقبل مضبوط اور محفوظ بنائیں گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ میں بھی بے نظیر بھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کرنا چاہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے اس ترمیم کے لیے خلوص نیت سے کام کیا اور کوشش کی، میں مولانا فضل الرحمان کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ بہت اچھا ہو گا اگر پی ٹی آئی بھی اس آئینی ترمیم میں آ جائے، ایوان میں موجود لوگوں نے اپنی ذاتی انا کی قربانی دی اور آگے بڑھ کر یہ عظیم کارنامہ سرانجام دیا۔انہوں نے کہا کہ منڈلاتے خطرناک بادل جو پاکستان پر برسنا چاہتے تھے ختم ہو گئے ہیں۔

واضح رہے کہ سینیٹ کے بعد قومی اسمبلی نے بھی 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری دے دی، صدر مملکت آج صبح 6 بجے آئینی ترمیم پر دستخط کریں گے، جس کے بعد 26ویں آئینی ترمیم سرکاری آئین کا حصہ بن جائے گی۔

قومی اسمبلی سے آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے 224 ووٹ درکار تھے جب کہ 225 ارکان نے آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا۔حکومت 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے دونوں ایوانوں میں دو تہائی اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی۔

user

تبصرے

بطور مہمان تبصرہ کریں:
+