آئینی ترمیم پورے عدالتی نظام پر حملہ ہے، یہ پاکستانی آئین اور عدلیہ کے لیے سیاہ دن ہے، بیرسٹر گوہر
- 21, اکتوبر , 2024
نیوز ٹوڈے : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم پورے عدالتی نظام پر حملہ ہے، یہ پاکستانی آئین اور عدلیہ کے لیے سیاہ دن ہے۔قومی اسمبلی کی جانب سے 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے سینیٹ کے بعد بلائے گئے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آئینی ترمیم کے بعد عدالتیں محکوم ہو جائیں گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے حکومتی بنچوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مودی پر اتنی تنقید نہیں کی جتنی آج عدلیہ پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے شعر سنا کر آزاد عدلیہ کی توہین کی ہے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ میموگیٹ کمیشن کس نے بنایا؟ نواز شریف کالا کوٹ اور کالی ٹائی پہن کر عدالت پہنچے۔انہوں نے کہا کہ جب تک مخصوص نشستیں نہیں بھری جاتیں ایوان ترمیم نہیں کرسکتا۔
اس سے قبل پی ٹی آئی رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے بھی قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کیا۔عمر ایوب نے اپنے خطاب میں کہا کہ 31 اکتوبر کو ترمیم منظور ہو جاتی تو کیا ہوتا، یہ آئینی ترمیم پاکستانی عوام کی نمائندگی نہیں کرتی، آئینی ترمیم آزاد عدلیہ کا گلا گھونٹنے کا عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کا شکریہ ادا کیا جا رہا تھا ان میں نامعلوم افراد بھی شامل تھے، اس سارے عمل میں ہمارے اراکین کو مارا پیٹا گیا، چوہدری الیاس، عثمان علی کو اغوا کر کے آج یہاں لایا گیا، مبارک زیب کے بھائی پی ٹی آئی کے کارکن تھے، وہ لاپتہ ہو کر آج پیش ہوئے۔ ،ظہور قریشی لاپتہ ہو کر آج یہاں پیش، اورنگزیب کھچی کو زبردستی لاپتہ کر دیا گیا۔عمر ایوب نے کہا کہ ہمارے جو ارکان حکومتی بنچوں پر بیٹھے ہیں انہیں ہماری صفوں میں شامل ہونے کا کہا جائے۔
تبصرے