برکس کا غزہ میں اسرائیلی بمباری، ہلاکتوں اور تباہی پر تشویش کا اظہار، مشترکہ بیان جاری
- 24, اکتوبر , 2024
نیوز ٹوڈے : برکس اجلاس کے مشترکہ اعلامیہ میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے غزہ اور مغربی کنارے پر اسرائیل کی بمباری سے فلسطینی شہریوں کی بڑے پیمانے پر ہلاکتوں، جبری انخلاء اور تباہی پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
مشترکہ اعلامیے میں عالمی برادری کو بھی لبنان کی صورتحال سے خبردار کیا گیا ہے اور شہریوں کی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔برکس کے مشترکہ اعلامیے میں یوکرین کے معاملے پر اقوام متحدہ کے چارٹر پر عمل درآمد اور تنازعہ کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
برکس اجلاس میں روس نے برکس سرمایہ کاری کا پلیٹ فارم بنانے، کموڈٹی ایکسچینج قائم کرنے اور قیمتی دھاتوں اور ہیروں کی خرید و فروخت کے لیے علیحدہ پلیٹ فارم بنانے کی تجاویز پیش کیں۔ صدر پیوٹن نے چینی ہم منصب شی جن پنگ، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، جنوبی افریقہ اور مصر کے صدور اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی۔
ان ملاقاتوں میں انہوں نے اقتصادی تعاون بڑھانے اور تنظیم میں نئے اراکین کو شامل کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر روسی صدر نے کہا کہ تنظیم کے ارکان کا اقدار اور عالمی نقطہ نظر پر یکساں موقف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک نیا ملٹی پولر ماڈل ابھر رہا ہے جو اقتصادی ترقی کی نئی لہر کی بنیاد بن رہا ہے اور اس کی وجہ گلوبل ساؤتھ اور ایسٹ ہے۔برکس اجلاس کے موقع پر چینی صدر شی جن پنگ نے معاملات میں کثیرالجہتی نقطہ نظر اپنانے پر زور دیا۔
تبصرے