دنیا کا پہلا ملک جہاں ریلوے ٹریک پر قالین کی طرح سولر پینل بچھائے جائیں گے
- 24, اکتوبر , 2024
نیوز ٹوڈے : سوئٹزرلینڈ وہ خوبصورت ملک ہے جہاں ٹرین کا نظام بھی بہترین سمجھا جاتا ہے۔لیکن اب یہ دنیا کا پہلا ملک بننے جا رہا ہے جہاں ریلوے کی پٹریوں میں 'کارپٹ' کی طرح سولر پینل بچھائے جائیں گے۔ہاں واقعی یہ منصوبہ سوئٹزرلینڈ میں منظور ہوچکا ہے۔سن ویز نامی کمپنی 2025 کے موسم بہار میں نیوچیٹیل کے علاقے میں ریلوے ٹریکس پر سولر پینل لگائے گی۔
کمپنی نے سوئس فیڈرل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے تعاون سے ایک ہٹنے والا شمسی نظام تیار کیا ہے۔کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو جوزف سکوڈری نے ایک انٹرویو میں کہا کہ دنیا میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ریلوے ٹریک پر سولر پینل لگائے جائیں گے اور ٹرینیں ان کے اوپر سے گزریں گی۔
اس مقصد کے لیے کمپنی کی جانب سے سولر پینلز کی تنصیب کے لیے مکینیکل سسٹم استعمال کیا جائے گا۔ اسی طرح ایک ٹرین بھی تیار کی گئی ہے جو ان پینلز کو پٹری پر لگانے کا کام کرے گی۔سن ویز کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق خصوصی طور پر تیار کی گئی یہ ٹرین ٹریک پر ایک میٹر چوڑے پینلز لگانے کے لیے پسٹن میکانزم کا استعمال کرے گی۔
یہ کمپنی اس منصوبے پر 3 سال تک کام کرے گی جس کے دوران ریلوے ٹریکس پر نصب سولر پینلز سے حاصل ہونے والی بجلی کو پاور گرڈ میں منتقل کرکے گھروں تک پہنچایا جائے گا۔ لیکن ابھی تک اس کی منظوری نہیں دی گئی تاہم اس کا انحصار پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی پر ہوگا۔
کمپنی سپین، رومانیہ اور جنوبی کوریا میں بھی اسی طرح کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔
تبصرے