چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے بڑی خبر آگئی
- 20, نومبر , 2024
نیوز ٹوڈے : آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا معاملہ تعطل کا شکار ہے تاہم اس حوالے سے آج اہم پیش رفت کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ آج دبئی پہنچ رہے ہیں اور وہاں ان کی آئی سی سی حکام سے ملاقات متوقع ہے۔ اس ملاقات میں چیمپئنز ٹرافی سے متعلق اہم پیش رفت کا امکان ہے اور اس ملاقات کے بعد آئی سی سی کے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے بھی فون پر رابطہ کریں گے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں شیڈول ہے اور پاکستان دفاعی چیمپئن ہونے کے ساتھ ساتھ میگا ایونٹ کا میزبان بھی ہے۔تاہم بھارت نے ایک بار پھر پاکستان آنے سے انکار کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
دوسری جانب پی سی بی نے اس معاملے پر آئی سی سی کو خط لکھ کر ہائبرڈ ماڈل کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے دوٹوک اعلان کیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی مکمل طور پر پاکستان میں منعقد ہوگی۔پی سی بی نے اپنے خط میں یہ بھی واضح کیا ہے کہ اگر بھارت چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان نہیں آتا تو پاکستان مستقبل میں کسی بھی فورم پر بھارت سے نہیں کھیلے گا۔
تعطل کی وجہ سے چیمپیئنز ٹرافی میں تین ماہ سے بھی کم وقت باقی ہے، آئی سی سی نے ابھی تک ٹورنامنٹ کے باضابطہ شیڈول کا اعلان نہیں کیا ہے اور اس پر براڈکاسٹرز کی جانب سے جلد ہی شیڈول کا اعلان کرنے کا دباؤ ہے۔
آئی سی سی نے 2027 تک میڈیا کے حقوق بیچ دیے ہیں اور معاہدے میں ہر ایونٹ میں ایک پاک بھارت میچ کی فراہمی بھی شامل ہے۔ تاہم اگر اس تعطل کی وجہ سے پاک بھارت میچ متاثر ہوا تو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو قانونی کارروائی کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
تبصرے