امریکہ دہشت گردی روکنے کے لیے پاکستانی قیادت سے بات کرنے کے لیے پرعزم
- 20, نومبر , 2024
نیوز ٹوڈے : امریکہ نے پاکستان میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دہشت گردی روکنے کے لیے پاکستانی قیادت سے بات کرنے کے لیے پرعزم ہے۔تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات اور پولیس اہلکاروں کے اغوا پر تشویش کا اظہار کیا۔
پریس کانفرنس کے دوران صحافی نے سوال کیا کہ کیا طالبان نے دہشت گردوں کو افغان سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہ دینے کا وعدہ کیا تھا؟ طالبان دہشت گردوں کی سرپرستی کر رہے ہیں، امریکہ کارروائی کیوں نہیں کرتا؟
جس پر میتھیو ملر نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتے ہیں، پاکستانی عوام نے دہشت گردی کے ہاتھوں بہت نقصان اٹھایا ہے، ہمارے دل دہشت گردی سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
امریکی ترجمان نے کہا کہ ہمارے دل 9 نومبر کو کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے کے متاثرین کے ساتھ ہیں، پاکستانی عوام کے خلاف دہشت گردوں کے خوفناک حملے جاری ہیں، ہم دہشت گردی روکنے کے لیے حکومتی رہنماؤں سے بات کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ شراکت داری جاری رکھے ہوئے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف سویلین اور فوجی صلاحیت بڑھانے کے لیے مشاورت جاری ہے۔
ترجمان نے کہا کہ سکھ امریکی شہری کو قتل کرنے کی بھارتی سازش ایک اہم مسئلہ ہے، امریکی حکومت نے بھارت کے ساتھ اس معاملے کو سنجیدگی سے اٹھایا ہے، بھارت سے کہا جا رہا ہے کہ وہ امریکا میں سکھ شہریوں کو درپیش خطرات کا جواب دے۔
تبصرے