پی ٹی آئی کو روکنا ہے تو طاقت کے استعمال کے سوا کوئی چارہ نہیں، وزیر دفاع
- 26, نومبر , 2024
نیوز ٹوڈے : وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ حکومت کو اب دارالحکومت کے تحفظ کے لیے اپنے عزم کو ثابت کرنا ہو گا کیونکہ حالات اس سمت جا رہے ہیں کہ اگر پی ٹی آئی والے یہاں آ کر بیٹھ گئے تو یہ ملک کے لیے بڑا دھچکا ہو گا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ اب فیصلہ کن صورتحال پیدا ہو گئی ہے کیونکہ ابھی تک مذاکرات کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی دوسرے درجے کی قیادت لچک دکھا رہی ہے تاہم بشریٰ بی بی اسے نادر موقع سمجھتے ہوئے آگے بڑھنا چاہتی ہیں، پی ٹی آئی کو روکنا ہے تو طاقت کے استعمال کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ خواجہ آصف نے مزید کہا کہ جو خاتون پی ٹی آئی مارچ کی قیادت کر رہی ہیں، وہ خون خرابہ دیکھ رہی ہیں، وہ جانتی ہیں کہ میں قریب آ کر لیڈر بن گئی ہوں، اس وقت وہ سمجھتی ہیں کہ آگے بڑھنا ہمارے مفاد میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں جب پی ٹی آئی کے بانی اسلام آباد پہنچے تو رانا ثناء اللہ اپنی تمام تر طاقت استعمال کر چکے تھے اور اسلام آباد پر حملہ رک گیا تھا، حکومت اب بھی اپنے عزم کا مظاہرہ کرے کہ ہم نے اس دارالحکومت کی ہر قیمت پر حفاظت کرنی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے احتجاجی مظاہرے کے دوران شرپسندوں نے سری نگر ہائی وے پر رینجرز اہلکاروں کی گاڑی کو ٹکر مار دی تھی جس میں 4 رینجرز اہلکار شہید جب کہ 5 رینجرز اور 2 پولیس اہلکار شدید زخمی ہوئے تھے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اب تک 100 سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہوچکے ہیں جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کو بھی طلب کیا گیا ہے اور واضح کیا گیا ہے کہ قانون توڑنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا جب کہ افراتفری پھیلانے والوں کو موقع پر گولی مارنے کے واضح احکامات دیے گئے ہیں۔ .
تبصرے