ہماری غلطیوں سے عمران خان کی مشکلات بڑھ رہی ہیں، مرکزی قیادت ذمہ دار ہے، شوکت یوسفزئی
- 28, نومبر , 2024
نیوز ٹوڈے : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر اطلاعات کے پی شوکت یوسفزئی نے ایک بار پھر اپنی پارٹی قیادت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری غلطیوں کی وجہ سے عمران خان کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی تمام تر ذمہ داری مرکزی قیادت پر عائد ہوتی ہے۔
شوکت یوسفزئی نے اپنے بیان میں کہا کہ بشریٰ بی بی کے شوہر بغیر کسی جرم کے جیل میں ہیں، وہ سڑکوں پر کیوں نہیں آئے؟ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ باقی قیادت نے کیا کیا؟ مرکزی قیادت کہاں تھی؟
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی نے سنگجانی میں دھرنے کی اجازت دی تو اس پر عمل کیوں نہیں ہوا؟ سیاست میں حالات کو دیکھ کر حکمت عملی بنائی جاتی ہے۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ اللہ نے ہمیں بہت بڑا موقع دیا جسے ہم نے ضائع کردیا، اگر ہم مشاورت سے آگے بڑھتے تو آج نتائج مختلف ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری غلطیاں بانی پی ٹی آئی کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہی ہیں، جو کچھ ہوا اس کی تمام تر ذمہ داری پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت پر عائد ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل شوکت یوسفزئی نے بھی بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ کی قیادت پر سوالات اٹھائے تھے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کے دوران شیر افضل مروت بھی غائب تھے، پنجاب کی قیادت بھی موجود نہیں تھی۔
تبصرے