لاس اینجلس: کئی دنوں سے لگی آگ سے بچ گیا معجزانہ گھر، مالک نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیا کہا؟
- 13, جنوری , 2025
نیوز ٹوڈے : امریکی شہر لاس اینجلس کے پیسیفک پیلیسیڈس میں 6 روز سے لگی مہنگی ترین آگ پر اب تک صرف 11 فیصد قابو پایا جا سکا ہے۔ ہولناک آگ نے ہزاروں ایکڑ پر موجود ہر چیز جل کر راکھ کر دی ہے۔
اس تباہی کے دوران جہاں ہزاروں گھر راکھ ہو گئے، وہیں پیسیفک پیلیسیڈس میں ایک گھر ایسا ہے جسے آگ سے بچا لیا گیا۔ یہ حیرت انگیز گھر امریکی اداکار جیمز ووڈز کا ہے جن کا خیال تھا کہ ان کا گھر بھی ہزاروں گھروں کی طرح تباہ ہو جائے گا لیکن معجزانہ طور پر ان کا گھر بچ گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جیمز ووڈز نے ٹوئٹر پر پوسٹ کیا کہ ’معجزانہ طور پر ہم اپنے گھر تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے جس کے بارے میں ہمارا خیال تھا کہ تباہ ہو گیا ہے لیکن میرا گھر اب بھی وہیں ہے‘۔ 77 سالہ اداکار نے اپنے گھر کی چھت سے ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں جیمز ووڈز کے گھر کے آس پاس کے مکانات کو راکھ میں تبدیل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

اداکار نے لکھا کہ جب آگ ہمارے گھر تک پہنچی تو ہمیں زبردستی نقل مکانی کرنا پڑی اور جب ہم اپنے گھر سے نکلے تو ہمارے پاس ان کپڑوں کے علاوہ کچھ نہیں تھا جو ہم نے پہنے ہوئے تھے، افراتفری کا عالم تھا، ہمارے آس پاس کے ہر گھر میں آگ لگی ہوئی تھی۔
انٹرویو کے دوران امریکی اداکار کئی بار جذباتی ہوئے اور کہا کہ وہ حال ہی میں 3 سال کی تزئین و آرائش کے بعد گھر منتقل ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی سرمایہ کار ڈیوڈ سٹینر کا گھر بھی لاس اینجلس میں لگنے والی آگ میں مکمل طور پر محفوظ رہا تھا۔ تین منزلہ گھر کی مالیت 9 ملین ڈالر ہے اور اسے ڈیوڈ سٹینر نے ایک امریکی پروڈیوسر سے خریدا تھا۔

تبصرے