اولاد پیدا کرنے پر ایک لاکھ روپے کے انعام کا اعلان
- 15, جنوری , 2025
نیوز ٹوڈے : وشنو راجوری، ایک بھارتی پنڈت اور ریاست مدھیہ پردیش کے پرشورام کلیان بورڈ کے چیئرمین نے برہمن جوڑوں کے لیے زیادہ بچے پیدا کرنے کے لیے انعام کا اعلان کیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وشنو راجوری نے اندور میں نوجوانوں اور خواتین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ 'دوسرے مذاہب کے لوگوں کی آبادی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، اس لیے نوجوان قدم اٹھائیں، مجھے نوجوانوں سے بہت امیدیں ہیں، نوجوانوں کو غور سے سننا چاہیے کہ آنے والی نسل کا تحفظ آپ کے ہاتھ میں ہے۔
راجوری نے شادی شدہ جوڑوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا، "ہر جوڑے کے چار بچے ہونے چاہئیں، جس کے لیے پرشورام کلیان بورڈ کی طرف سے انہیں ایک لاکھ ہندوستانی روپے کا انعام دیا جائے گا۔ چاہے میں مستقبل میں بورڈ کا صدر رہوں یا نہ رہوں، جوڑے انعام حاصل کرتے رہیں گے۔" راجوری کے اعلان پر ہندوستان میں ایک تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ سماجی بہبود سے وابستہ ایک اہلکار نے راجوری پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ راجوری کا بیان محض ایک اعلان ہے جو ریاستی حکومت کی پالیسی کے خلاف ہے۔ واضح رہے کہ مدھیہ پردیش سول سروسز کے قوانین کے مطابق صرف وہی لوگ سرکاری ملازمت کے اہل ہیں جن کے دو یا اس سے کم بچے ہیں۔
تبصرے