ورلڈ بینک نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی فوری تعمیر شروع کرنے کی تجویز دےدی
- 13, مارچ , 2023
نیوز ٹوڈے: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ورلڈبینک کے ڈائریکٹر جنوبی ایشیا جان اے روم کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی جس میں وزیراعلیٰ کے ساتھ صوبائی وزرا، مشیر، چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی اور دیگر حکام شامل تھے جب کہ اس اجلاس میں مختلف منصوبوں کی پیش رفت پر بھی بات کی گئی۔ ترجمان کا کہنا تھا اس موقع پر ورلڈبینک وفد نے کہا کہ پاکستان میں موسمی تبدیلیوں کی وجہ سے 2022میں تباہ کن بارشیں ہوئیں اور سیلاب آئے جس میں 17 سولوگ جاں بحق، 33 ملین لوگ متاثر ہوئے اور سولہ بلین ڈالرز کا خسارہ ہوا، سیلاب کے بعد اب ہیٹ ویوز جیسے مسائل کا سامنا بھی ہوسکتا ہے۔
ورلڈ بینک کے وفد نے تجویز دی کہ ملک میں سیلاب سے متاثر علاقوں کی تعمیر نو شروع کی جائے، زراعت کے شعبے پر بھی خاص توجہ دے کر اسے بحال کیا جائے، ملک بھر میں جدید زراعت کے طریقے اور زراعت پانی کی نکاسی کا نظام لانا ہوگا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وفد سے بات میں کہا ہےکہ سندھ میں زراعت کی بحالی کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں، ورلڈ بینک کی مدد سے ہاریوں کو گندم کے بیج کے لیے مالی مدد کی گئی جب کہ زرعی زمینوں سے پانی کی نکاسی کرکے خریف کی فصل کو اگایا گیا ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں اسی سال گندم کی بہترین فصل ہوئی ہے اور سندھ حکومت نے گندم کی سپورٹ پرائس 4 ہزار روپے فی من مقرر کی ہے، گندم کی اچھی فصل اور کاشتکاروں کو اچھے نرخ ملنے سے ان کی بحالی ممکن ہوگی۔
تبصرے