موجودہ حکومت کا لندن میں ہنگامی اجلاس، ن لیگ کی جانب سے اہم فیصلے متوقع
- 11, مئی , 2022
وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اپنے وفد کے ہمراہ لندن پہنچ گئے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے کئی رہنما اور وزراء بھی شہباز شریف کے ساتھ موجود ہیں جن میں خواجہ سعد رفیق،خواجہ آصف،احسن اقبال،خرم دستگیر اور مریم اورنگزیب شامل ہیں جبکہ شاہد خاقان عباسی پہلے ہی لندن میں موجود ہیں ۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ کے قائد کو سیاسی صورتحال پر کچھ تحفظات ہیں جس کی بدولت پارٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ پارٹی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ن لیگ جلد ہی کچھ بڑے اور اہم فیصلے کرنے جا رہی ہے جس کی وجہ سے قائد ن لیگ نواز شریف نے ویڈیو لنک کی تجویز بھی مسترد کر دی تھی۔
رپورٹس کے مطابق میاں محمد نواز شریف نے ہی ن لیگ کا ہنگامی اجلاس طلب کیا اور پارٹی کے ترجمان کو لندن پہنچنے کی ہدایت کی۔ ن لیگ کے ترجمان نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی جانب سےاداروں پر جو تنقید کی گئی اس سے سیاسی صورتحال نازک ہو تی جا رہی ہے جبکہ ملک پہلے ہی معاشی بحران سے گزر رہا ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ نواز شریف پٹرولیم مصنوعات سے متعلق پارٹی کے لائحہ عمل پر بھی اسحاق ڈار سے مشاورت کریں گے۔ اس کے علاوہ آئندہ الیکشن کے لیے بھی کابینہ ارکان سے مشاورت کی جائے گی خاص کر پنجاب کی سیاسی صورتحال سے متعلق پارٹی کی جانب سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔
مزید پڑھیں: شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ، ملکی سیاست اور لوڈ شیڈنگ کی صورتحال پر بریفنگ
تبصرے