عدالتی حکم کے باوجود احتجاج کرنے پر پی ٹی آئی کو نوٹس جاری

پی ٹی آئی کو نوٹس

نیوز ٹوڈے :   اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود احتجاج کرنے پر سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور آئی جی اسلام آباد سمیت پی ٹی آئی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کر لیا۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں عدالتی حکم کے باوجود احتجاج کی اجازت نہ دینے پر وفاقی دارالحکومت میں احتجاج کرنے پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود مظاہرین نے اسلام آباد آکر نظام زندگی مفلوج کردیا۔

درخواست میں کہا گیا کہ حکومت اور انتظامیہ اسلام آباد میں امن و امان برقرار نہیں رکھ سکی، عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر فریقین کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر، آئی جی اسلام آباد سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ ہفتے تک جواب طلب کرلیا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے 24 نومبر کے احتجاج کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے انتظامیہ کو احتجاج کی اجازت نہ دینے کا حکم دیا تھا تاہم اس کے باوجود پی ٹی آئی نے احتجاج کیا اور حکومت مظاہرین کو اسلام آباد آنے سے نہ روک سکی۔

بعد ازاں تاجروں نے اپنی درخواست پر فیصلے پر عمل درآمد نہ ہونے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی۔

user

تبصرے

بطور مہمان تبصرہ کریں:
+