شاہد آفریدی کا چیمپئنز ٹرافی کے ہائبرڈ ماڈل پر پی سی بی کے موقف کی حمایت

شاہد آفریدی

نیوز ٹوڈے :   پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے جاری تنازع کے تناظر میں اہم بیان جاری کیا ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ ہائبرڈ ماڈل کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے فیصلے کی حمایت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے کھیل اور سیاست کو ملا کر کرکٹ کو غیر یقینی صورتحال میں ڈال دیا ہے۔شاہد آفریدی نے کہا کہ سیکیورٹی خدشات کے باوجود پاکستانی ٹیم بھارت جا کر وائٹ بال سیریز سمیت 5 بار کھیل چکی ہے، اب آئی سی سی اور اس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو اپنی بالادستی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

ایک اور سابق کپتان راشد لطیف نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ جمعہ کا دن کرکٹ کے لیے بہت اہم ہو گا، یہ انٹرنیشنل کرکٹ میں گیم بدلنے والا دن بھی ہو سکتا ہے۔ واضح رہے کہ بھارت نے پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنی کرکٹ ٹیم بھیجنے سے انکار کر دیا ہے۔

دریں اثنا، پاکستان کرکٹ بورڈ چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل کو قبول نہ کرنے کے اپنے موقف پر قائم ہے۔بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے آئی سی سی تاحال چیمپئنز ٹرافی کے نئے شیڈول کا اعلان نہیں کر سکی جس سے براڈکاسٹرز بھی پریشان ہیں کیونکہ انہیں لاکھوں ڈالر کے نقصان کا خدشہ ہے۔

اس سلسلے میں آئی سی سی نے آج بورڈ میٹنگ طلب کر لی ہے۔آئی سی سی کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ میٹنگ آن لائن ہوگی اور ایجنڈا تمام بورڈ ممبران کو بھیج دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول اور مستقبل پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں چیمپئنز ٹرافی کے لیے مختلف آپشنز پر بات کی جائے گی۔

user

تبصرے

بطور مہمان تبصرہ کریں:
+