چیئرمین پی سی بی محسن نقوی وفد کے ہمراہ دبئی سے وطن واپس پہنچ گئے
- 02, دسمبر , 2024
نیوز ٹوڈے : پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سمیت بورڈ آفیشلز کی ٹیم دبئی سے وطن واپس پہنچ گئی ہے۔پی سی بی ذرائع کے مطابق دبئی کے دورے کے دوران پی سی بی چیئرمین نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر کئی اہم ملاقاتیں کیں اور پاکستان نے آئی سی سی کو اپنی شرائط بھی پیش کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے موقف پر قائم ہے، جب کہ اب اسے بھارت کے جواب کا انتظار ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دبئی میں تعطیلات کے باعث جواب دینے میں وقت لگ سکتا ہے۔وطن واپسی پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ہتھیار ڈالنے کی کہانیاں بکواس ہیں۔ اگر اسے ہتھیار ڈالنا ہوتے تو آئی سی سی اور بھارت وقت نہ مانگتے۔
اس سے قبل ہفتہ کو دبئی میں گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا تھا کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی پر یکطرفہ فیصلے نہیں ہونے دے گا، ایسا فیصلہ کیا جائے گا کہ آئندہ آئی سی سی ایونٹس بھی اسی فارمولے کے تحت منعقد ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ فیصلے برابری کی بنیاد پر ہونے چاہئیں۔ ہمارے لیے ہندوستان جانا ممکن نہیں اور وہ نہ آئیں۔
تبصرے