ویرات کوہلی پاکستان میں کھیلنے کے لیے بے تاب، بڑا دعویٰ
- 05, دسمبر , 2024
نیوز ٹوڈے : پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم اور ویرات کوہلی پاکستان میں کھیلنے کے لیے بے تاب ہیں۔ایک پروگرام میں تجزیے کے دوران سابق پاکستانی باؤلر نے بڑا انکشاف کیا کہ بھارت اور ویرات کوہلی چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان میں کھیلنے کے لیے بے تاب ہیں لیکن ان کی حکومت انھیں یہاں آنے کی اجازت نہیں دے رہی۔ شعیب اختر نے کہا کہ پاکستان سے زیادہ بھارت کی خواہش ہے کہ وہ یہاں آکر کھیلیں۔ میں نے ہندوستان میں بی سی سی آئی کے ساتھ کام کیا ہے۔ اگر ہندوستانی ٹیم یہاں آکر کھیلتی ہے تو انہیں ٹی وی رائٹس اور اسپانسر شپ کی مد میں کافی پیسہ کمانے کا موقع ملے گا۔
محمد حفیظ نے ان سے پوچھا کہ بھارتی ٹیم کیوں نہیں آ رہی جس پر شعیب اختر نے کہا کہ ان کی حکومت نہیں چاہتی کہ ان کی کرکٹ ٹیم پاکستان آئے۔ بھارتی حکومت اور بی سی سی آئی نے آئندہ سال پاکستان میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے ٹیم نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل بھی مشکل میں پڑ گئی ہے جب کہ پاکستان نے بھی دو ٹوک موقف اپنایا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ ہمارے لیے کرکٹ کھیلنے کے لیے بھارت جانا ممکن نہیں اور وہ یہاں کرکٹ کھیلنے نہیں آتے۔ بھارت کی جانب سے پاکستان آنے سے انکار کے بعد پی سی نے چیمپئنز ٹرافی کا نیا فارمولا بھی پیش کر دیا ہے، جس کے تحت دونوں ٹیمیں تین سال تک نیوٹرل وینیوز پر آئی سی سی ایونٹ کے میچز کھیلیں گی، نہ تو پاکستانی ٹیم بھارت جائے گی اور نہ ہی بھارتی ٹیم پاکستان-
تبصرے