پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی سکواڈ کی بہتری کے لیے اہم قدم
- 23, دسمبر , 2024
نیوز ٹوڈے : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی بہتری کے لیے بڑا فیصلہ کرلیا۔آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کو مدنظر رکھتے ہوئے پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے ایک اور بڑا قدم اٹھایا ہے اور اس سلسلے میں پاکستانی ٹی ٹوئنٹی سائیڈ کو بہتر بنانے کے لیے اسٹرائیک فورس بنائی جا رہی ہے۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹرائیک فورس 100 نوجوان ہارڈ ہٹنگ بلے بازوں پر مشتمل ہوگی، بلے بازوں کا انتخاب سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق کی سربراہی میں ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر سے باصلاحیت کھلاڑی مانگے جائیں گے، ایک سال میں 100 باصلاحیت نوجوانوں کا انتخاب کیا جائے گا۔ یہ پروگرام چھ ماہ تک جاری رہے گا، یعنی ہر چھ ماہ بعد پچاس بلے بازوں کو طلب کیا جائے گا اور اس نوجوان ٹیلنٹ کو لمبے چھکے اور چوکے مارنے کی تربیت دی جائے گی۔
سٹرائیک فورس کا مقصد ٹی ٹوئنٹی سکواڈ کو نیا خون فراہم کرنا ہے، ایک سال میں نیا ٹیلنٹ تیار کر کے انہیں ٹی ٹوئنٹی سکواڈ کا حصہ بنانا ہے۔ اسٹرائیک فورس کا مقصد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے مضبوط اسکواڈ بنانا ہے۔واضح رہے کہ رواں برس پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کے پہلے راؤنڈ سے ہی باہر ہوگئی تھی۔
تبصرے