اسٹیڈیم میں پاکستانی کرکٹرز کے بھارتی کھلاڑیوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات پر معین خان ناراض
- 28, جنوری , 2025
نیوز ٹوڈے : پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بلے باز معین خان نے قومی کھلاڑیوں کے بھارتی کھلاڑیوں کے ساتھ حد سے زیادہ دوستانہ تعلقات پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔معین خان نے اداکارہ اشنا شاہ کے پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے اسٹیڈیم میں موجودہ پاکستانی کرکٹرز اور بھارتی کھلاڑیوں کے رویے پر تنقید کی۔
اشنا شاہ نے سوال کیا کہ ماضی میں ہمارے کرکٹرز کو سرحد کے دوسری طرف سے بہت پیار ملتا تھا لیکن اب شوبز ہو یا کرکٹ، ایسا نہیں ہے۔ ہمارے کھلاڑی ویرات کوہلی اور دیگر کے ساتھ سیلفیاں لیتے ہیں لیکن اس کے بدلے میں پاکستانی کھلاڑیوں کو بھارت سے وہی پیار نہیں ملتا، تو ایسا کیوں؟
اس کے جواب میں معین خان نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر دکھ ہوا، تمام بھارتی کھلاڑیوں کے ساتھ میرا احترام کا رشتہ ہے، لیکن ایک وقت تھا جب ہماری ٹیم بھارت سے بہت آگے تھی، آج ان کا ہے، ہمارے دور میں سینئر کھلاڑی اور کپتان ہمیں بات کرنے سے بھی منع کرتے تھے۔
انہوں نے اس کا جواز یہ کہہ کر دیا کہ ایسا کرنے سے مخالف ٹیم پر دباؤ پڑتا ہے۔ اگر آپ کسی کے ساتھ بہت زیادہ دوستانہ ہیں تو وہ آپ کو اپنے لیول کا نہیں سمجھیں گے اور آپ خود کو ذہنی طور پر کمزور سمجھیں گے۔
سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ ہمارے بھارتی کرکٹرز سے بھی اچھے تعلقات تھے اور آج بھی ہیں لیکن میدان پر ایسا کبھی نہیں ہوا کہ جب میرا کوئی پسندیدہ کھلاڑی آئے تو میں اس کا بیٹ چیک کرنا شروع کر دوں۔ ہمارے کھلاڑی منفی پیغام دیتے ہیں جس کا انہیں احساس تک نہیں ہوتا۔
معین خان کا مزید کہنا تھا کہ میں جب بھی کسی بھی عہدے پر رہا ہوں میں نے ہمیشہ کھلاڑیوں کو سمجھانے کی کوشش کی ہے کہ وہ یہ رویہ اختیار نہ کریں۔ وسیم اکرم خود بھی کرکٹرز کے رویے سے ناراض ہیں۔ میں نے وسیم اکرم، وقار یونس اور شعیب اختر جیسے کھلاڑیوں کو میدان میں بھارتی کرکٹرز کے ساتھ مذاق کرتے یا ان کا بیٹ چیک کرتے اور سیلفی لیتے نہیں دیکھا۔
تبصرے