اسرائیلی فوج کا مساجد اور رہائشی عمارتوں پر بم برسانے سے مزید 433 فلسطینی شہید
- 19, اکتوبر , 2023
نیوزٹوڈے: بین الاقوامی سفارتی کوششیں بھی اسرائیل کو فلسطینیوں کے خون سے اپنے ہاتھ رنگنے سے نہیں روک سکیں۔ غزہ میں اسرائیلی فوج نے ایک ہی دن میں مزید 433 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔ غزہ پر اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 3500 تک پہنچ گئی ہے جب کہ اسرائیلی بربریت سے بچوں اور خواتین سمیت 13 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔
دیر البلاح میں مکان پر بمباری کے نتیجے میں مزید 10 افراد شہید اور 22 زخمی ہوگئے جب کہ 18 افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فورسز نے مغربی غزہ کی پٹی میں ہلال احمر کے صدر دفتر اور القدس اسپتال کے قریب رہائشی عمارتوں اور سڑکوں پر 30 منٹ تک گولہ باری کی۔
ہلال احمر کے ہیڈ کوارٹر میں بھی بموں کے ٹکڑے گرے جہاں عملے کے علاوہ 8000 افراد نے پناہ لی ہے۔ دوسری جانب الشفاء اسپتال کے قریبی علاقے پر بھی بمباری کی گئی، جس میں بڑے پیمانے پر شہادتیں ہوئیں۔خان یونس میں اقوام متحدہ کے زیر انتظام اسکول پر بھی بمباری کی گئی تھی جس میں متعدد افراد ہلاک ہوئے تھے جب کہ قریبی گھر بھی تباہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوئی تھیں۔ البکری ہاؤس پر حملے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ الزیتون کے علاقے میں گھروں پر 20 بم گرائے گئے جس سے تمام گھر ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئے۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق غزہ کے علاوہ مغربی کنارے میں 64 فلسطینی شہید ہوئے ہیں جن میں 55 خواتین اور بچے ہیں۔غزہ میں اسرائیلی بمباری سے 4500 رہائشی عمارتیں اور 12000 مکانات تباہ ہو چکے ہیں۔
تبصرے