پاکستانی زائرین کو عراق کا مفت ویزا ملنے کا امکان، تفصیل جانیے
- 16, جنوری , 2024
نیوزٹوڈے: پاکستانی فریق نے اپنے شہریوں کے لیے عاشورہ اور اربعین کے مہینے میں عراق میں داخلے کے لیے ویزا فیس معاف کرنے کے امکان پر بات کی ہے۔وزیر اعظم کے مشیر برائے ہوا بازی ریٹائرڈ ائیر مارشل فرحت حسین خان نے عراقی سفیر حامد عباس لفتا سے ملاقات کی اور عاشورہ اور اربعین کے دوران کربلا اور نجف جانے والے زائرین کے لیے ویزا فیس کی معافی پر تبادلہ خیال کیا تاہم ابھی تک کوئی باضابطہ فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
عراقی پریس ریلیز کے مطابق دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا جب کہ مشیر نے باہمی بات چیت کے ذریعے محرم کے دوران اضافی دوطرفہ پروازوں کی منظوری کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔فضائی خدمات کے معاہدے (ASA) ممالک کے درمیان رسمی معاہدوں پر مشتمل ہیں، جس میں مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) اور سرکاری سفارتی نوٹوں کا تبادلہ شامل ہے۔
مشیر نے پیر کو اپنی ملاقات میں تجارت اور سیاحت کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرنے کے مختلف طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ہر سال لاکھوں پاکستانی مذہبی اہمیت کے حامل مقامات اور اربعین کے دوران عراق کا سفر کرتے ہیں۔ اس سے قبل، گزشتہ سال، پاکستان نے عراق کو حجاج کرام کی سہولت کے لیے اربعین تقریب کے دوران ملک کے لیے اضافی پروازیں چلانے کی اجازت دی تھی۔
تبصرے