امریکی صدر جو بائیڈن صدارتی دوڑ سے دستبردار، کملا ہیرس کی حمایت کا اعلان
- 22, جولائی , 2024
نیوز ٹوڈے : امریکی صدر جو بائیڈن نے 2024 کے امریکی صدارتی انتخابات کی دوڑ سے دستبرداری کا اعلان کر دیا ہے۔سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں جو بائیڈن نے کہا کہ وہ اپنی بقیہ مدت صدر کے طور پر اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے پر توجہ دیں گے۔بائیڈن نے کہا، "میں اس ہفتے قوم سے اپنے فیصلے کے بارے میں بات کروں گا،" انہوں نے مزید کہا کہ "میرا استعفیٰ پارٹی اور ملک کے بہترین مفاد میں ہے۔"
81 سالہ صدر جو بائیڈن پر ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے عہدہ چھوڑنے کے لیے شدید دباؤ تھا۔اپنے بیان میں صدر بائیڈن نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا صدر بننا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔
صدر جو بائیڈن نے صدارتی دوڑ سے دستبرداری کا اعلان کرنے کے ساتھ ساتھ ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کے لیے موجودہ امریکی نائب صدر کملا ہیرس کی مکمل حمایت کا بھی اعلان کیا ہے۔ذرائع کے مطابق جو بائیڈن نے اتوار کو اچانک صدارتی دوڑ میں شامل ہونے کا فیصلہ تبدیل کر لیا۔ ہفتے کی رات تک صدر بائیڈن صدارتی مقابلے کے لیے پوری طرح تیار تھے۔
جو بائیڈن نے اپنی ٹیم کو بتایا کہ انہوں نے اپنا ارادہ بدل لیا ہے۔
جو بائیڈن کا یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ڈیموکریٹک قانون سازوں اور پارٹی عہدیداروں پر دباؤ ہے کہ وہ اپنے ریپبلکن حریف کے ساتھ ہونے والے مباحثے میں بائیڈن کی ناقص کارکردگی کے بعد صدارتی دوڑ سے دستبردار ہو جائیں۔
تبصرے