دوست دشمن نہیں ہوتے، پاکستان میں جمہوریت کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں، برطانوی رکن ناز شاہ
- 24, جولائی , 2024
نیوز ٹوڈے : برطانوی پاکستانی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کے دشمن نہیں دوست ہیں۔برطانوی ہاؤس آف لارڈز میں 'پاکستان میں جمہوریت کو خطرات' کے عنوان سے ہونے والے مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے ناز شاہ کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں جمہوریت کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں، ہم پاکستان کے دشمن نہیں ہیں۔
لارڈ طارق اور سابق برطانوی ہوم سکریٹری پریتی پٹیل سمیت کئی برطانوی اراکین پارلیمنٹ نے بھی بحث میں حصہ لیا۔بحث کے دوران اپنے خطاب میں لارڈ حنان نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش میں حالیہ انتخابات شفاف نہیں تھے، وہ پاکستان میں جمہوریت اور قانون کی حکمرانی دیکھنا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر رکن اسمبلی ایوب خان نے کہا کہ ہم پاکستان میں منتخب نمائندوں کی حکومت دیکھنا چاہتے ہیں۔بحث کے موقع پر پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری اور مہرابانو قریشی بھی موجود تھے۔ مہرابانو قریشی نے کہا کہ انتخابات کا غیر جانبدارانہ آڈٹ ہونا بہت ضروری ہے۔
زلفی بخاری نے کہا کہ ہمیں پاکستان کی عدالتوں سے امیدیں ہیں، فوج اور منتخب حکومت کے درمیان اچھے تعلقات ہی پاکستان کے لیے بہتر ہیں۔واضح رہے کہ برطانوی ہاؤس آف لارڈز میں یہ مباحثہ لارڈ حنان اور رکن پارلیمنٹ نازشاہ کی دعوت پر 'پاکستان میں جمہوریت کو خطرات' کے عنوان سے منعقد کیا گیا تھا۔
تبصرے