ایلون مسک کی دولت میں ایک دن میں 21 ارب ڈالر کی ریکارڈ کمی ہوئی
- 26, جولائی , 2024
نیوز ٹوڈے : ٹیسلا، ایکس اور اسپیس ایکس جیسی کمپنیوں کے مالک ایلون مسک دنیا کے امیر ترین شخص ہیں اور اربوں ڈالرز کی دولت کے باوجود یہ اعزاز چھیننا مشکل نظر آتا ہے۔بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ایلون مسک کی دولت میں ایک دن میں 21 ارب ڈالر سے زائد کی کمی ہوئی ہے۔24 جولائی کو، ٹیسلا کے حصص کی قیمت میں 11 فیصد کمی واقع ہوئی، جس کے نتیجے میں ایلون مسک کی مجموعی مالیت میں 21.7 بلین ڈالر سے زیادہ کی کمی واقع ہوئی۔
واضح رہے کہ ایلون مسک ٹیسلا کے 21 فیصد شیئرز کے مالک ہیں اور ان کی مجموعی مالیت کا 68 فیصد اسی کمپنی کے شیئرز سے منسلک ہے۔ٹیسلا کی سہ ماہی آمدنی کی رپورٹ 24 جولائی کو جاری کی گئی، جس میں بتایا گیا کہ اپریل سے جون 2024 تک کمپنی کے منافع میں 45 فیصد کمی ہوئی۔
ٹیسلا کے شیئر کی قیمت سہ ماہی رپورٹ سے متاثر ہوئی اور ایلون مسک کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا۔ایک دن میں دولت میں اتنی بڑی کمی کے باوجود ایلون مسک اب بھی 241 بلین ڈالر کے مالک ہیں اور دنیا کے امیر ترین شخص ہیں۔ان کی دولت اس فہرست میں دوسرے نمبر پر رہنے والے جیف بیزوس سے 37 بلین ڈالر زیادہ ہے۔
24 جولائی جیف بیزوس کے لیے اچھا دن نہیں تھا، جنہوں نے 5 بلین ڈالر سے زیادہ کی دولت کھو دی، لیکن پھر بھی وہ 204 بلین ڈالر کے مالک ہیں۔فرانس سے تعلق رکھنے والے برنارڈ آرناولٹ 187 بلین ڈالر کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ مارک زکربرگ 165 بلین ڈالر کے ساتھ چوتھے اور بل گیٹس 157 بلین ڈالر کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔
تبصرے