ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے نو منتخب صدر مسعود پزشکیان کی توثیق کی
- 29, جولائی , 2024
نیوز ٹوڈے : ایران میں نومنتخب صدر کی رسمی تصدیق کی تقریب میں سپریم لیڈر خامنہ ای نے مسعود پزشکیان کو ایران کے صدر کے طور پر باضابطہ طور پر تصدیق کر دی۔ایرانی سپریم لیڈر نے اپنے پیغام میں کہا کہ میں ذہین، دیانتدار اور مقبول رہنما مسعود پزشکیان کو ملنے والے ووٹ کی تصدیق کرتا ہوں اور انہیں اسلامی جمہوریہ ایران کا صدر مقرر کرتا ہوں۔تقریب سے اپنے خطاب میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اسرائیل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی صیہونی حکومت ریاست نہیں ہے، صیہونی حکومت مجرموں، قاتلوں اور دہشت گردوں کا ٹولہ ہے۔
تقریب کے بعد قائم مقام ایرانی صدر محمد مخبر نے صدارتی ذمہ داریاں 69 سالہ مسعود پزشکیان کو سونپیں جب کہ نئے صدر نے 72 سالہ عارف رضا کو اپنا نائب صدر مقرر کیا۔پیشے کے اعتبار سے ہارٹ سرجن، نو منتخب ایرانی صدر مسعود پزشکیان 2008 سے ایرانی شہر تبریز سے منتخب ہوئے ہیں۔ وہ صدر خاتمی کے دور میں وزیر صحت بھی رہ چکے ہیں۔
واضح رہے کہ ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی ہلاکت کے بعد ہونے والے عام انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 5 جولائی کو مسعود پزشکیان نے انتہائی قدامت پسند رہنما سعید جلیل کے خلاف رن آف الیکشن میں کامیابی حاصل کی تھی۔انتخابات میں طبیب 16 ملین سے زائد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے، نو منتخب ایرانی صدر منگل کو پارلیمنٹ میں حلف اٹھائیں گے۔ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شہباز شریف بھی شرکت کریں گے جب کہ حلف برداری کی تقریب میں 70 غیر ملکی مہمان شرکت کریں گے۔
تبصرے