اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد حماس کا نیا سربراہ کون ہو سکتا ہے؟

نیا سربراہ کون

نیوز ٹوڈے :   ایرانی دارالحکومت تہران میں ایک حملے میں فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد یہ سوال پیدا ہوگیا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کا جانشین کون ہوگا؟غیر ملکی میڈیا کے مطابق حماس کی شوریٰ کونسل ہر چار سال بعد حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ کے لیے انتخابات کرواتی ہے۔ اسماعیل ہنیہ 2021 میں ہونے والے انتخابات میں حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ کے طور پر منتخب ہوئے تھے۔

حماس کی شوریٰ کونسل غزہ، مغربی کنارے سے تعلق رکھنے والے اراکین، بیرون ملک مقیم اراکین اور اسرائیلی حراست میں قیدیوں پر مشتمل ہے اور ان چاروں شاخوں کے سربراہوں کا انتخاب انتخابات کے ذریعے کیا جاتا ہے۔

اس وقت یحییٰ سنوار غزہ میں حماس کے رہنما، ظہیر جبرین مغربی کنارے میں، خالد مشعل بیرون ملک اور سلامہ کتاوی جیل میں ہیں۔موجودہ حالات میں امکان ہے کہ نئے انتخابات نہیں ہوں گے کیونکہ غزہ میں شوریٰ کونسل کے متعدد ارکان شہید ہوچکے ہیں جبکہ مغربی کنارے میں کئی ارکان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ان حالات میں خالد مشعل حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ کے لیے مضبوط امیدوار ہو سکتے ہیں جو ماضی میں 21 سال تک حماس کے سربراہ رہ چکے ہیں۔خالد مشعل کو ایک بااثر شخصیت سمجھا جاتا ہے اور اس کا اظہار اس وقت بھی کیا گیا جب فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد خالد مشعل سے اظہار تعزیت کے لیے فون کیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسماعیل ہنیہ کے نائب موسیٰ ابو مرزوق بھی حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ کے امیدوار ہو سکتے ہیں۔ موسیٰ ابو مرزوق نے اسرائیل اور حماس کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔

user

تبصرے

بطور مہمان تبصرہ کریں:
+