حسینہ واجد حکومت گرانے میں جماعت اسلامی نے اہم کردار ادا کیا، سابق بھارتی سیکرٹری خارجہ

ہرش وردھن شرنگلا

نیوز ٹوڈے :    بھارت کے سابق سیکرٹری خارجہ ہرش وردھن شرنگلا نے دعویٰ کیا ہے کہ بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ واجد کی حکومت کو ختم کرنے میں جماعت اسلامی بنگلہ دیش کا اہم کردار ہے۔بھارتی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے سابق سیکرٹری خارجہ ہرش وردھن جو بنگلہ دیش میں بھارت کے ہائی کمشنر بھی رہ چکے ہیں، نے کہا کہ بنگلہ دیشی عوام بالخصوص نوجوان حسینہ واجد کی حکومت کے خلاف سڑکوں پر اپنی مایوسی کا اظہار کر رہے ہیں۔

سابق بھارتی سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ جہاں بنگلہ دیش کی موجودہ صورتحال میں خراب معاشی صورتحال نے اہم کردار ادا کیا ہے وہیں اپوزیشن جماعتوں بی این پی اور جماعت اسلامی نے بھی کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس احتجاج کے دوران بنیاد پرست اور پاکستان کی حامی جماعت اسلامی بہت متحرک تھی اور اس نے سڑکوں پر اپنی طاقت دکھائی جس کے نتیجے میں احتجاج میں تشدد کا عنصر سامنے آیا۔بنگلہ دیش میں ہندوستان کے سابق ہائی کمشنر نے کہا کہ موجودہ حالات میں بیرونی قوتوں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا جس کی وجہ سے بنگلہ دیش اور ہندوستان کے قومی سلامتی کے مفادات کو نقصان پہنچا ہے۔

بھارت کے قومی مفادات کو نقصان پہنچانے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس کے ہم پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ شیخ حسینہ سے ہمارے اچھے تعلقات تھے۔ بنگلہ دیش میں آئندہ انتخابات کے نتیجے میں بنیاد پرست جماعتیں اقتدار میں آسکتی ہیں۔

شیخ حسینہ واجد کو بھارت میں سیاسی پناہ دینے کے سوال پر سابق بھارتی سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ شیخ حسینہ اپنے والد شیخ مجیب الرحمان کے قتل کے بعد 1975 سے 1979 تک بھارت میں تھیں۔ 

user

تبصرے

بطور مہمان تبصرہ کریں:
+