امریکی شہریوں کی اسرائیل کی مدد کیلیے فوج بھیجنے کی مخالفت
- 08, اگست , 2024
نیوز ٹوڈے : امریکی شہریوں کی کثیر تعداد غزہ جنگ میں اسرائیل کی مدد کیلیے امریکی فوج بھیجنے کی مخالف ہو گئی - ایک تازہ ترین سروے کے مطابق امریکی شہریوں کی زیادہ تر تعداد اسرائیل کی مدد اور حفاظت کیلیے مشرق وسطٰی میں اپنی فوج بھیجنے کے خلاف ہے غزہ جنگ کے دوران امریکہ میں اسرائیل کے حمایتیوں میں 41 فیصد کمی آ چکی ہے - (امریکی ادارہ شکاگو کونسل براۓ عالمی امور) نے 21 جون سے لے کر یکم جولائی تک ایک عالمی سروے کیا جس میں اسرائیل کی مدد اور دفاع کے بارے میں لوگوں سے معلومات لی گئیں - اس سروے کی رپورٹ منگل کے دن سامنے آئی - سروے رپورٹ کے مطابق 56 فیصد امریکی اسرائیل میں فوج اور مدد بھیجنے کے مخالف ہیں جبکہ 41 فیصد لوگوں نے امریکی فوج کو مشرق وسطٰی بھیجنے کے حق میں ووٹ دیا -
سروے کی رپورٹ کے مطابق سات اکتوبر کے بعد اسرائیل نے جس طرح غزہ پر بربریت جاری رکھی ہوئی ہے اس سے امریکی عوام میں اسرائیل کی مقبولیت میں کمی واقع ہوئی ہے - سروے کی رپورٹ کے مطابق 54 فیصد لوگوں کا کہنا ہے کہ 'اگر فلسطین اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدہ ہوتا ہے تو امریکی فوج کو بھیجنا چاہیے - یعنی کہ امریکی فوج امن کیلیے جاۓ لیکن جنگ کیلیے نہیں' - امریکی فوج نے عراق اور شام میں جنگ کی مکمل تیاری کر رکھی ہے تاکہ وقت پڑنے پر یہ فوج دونوں ملکوں میں موجود ایران کی حمایت یافتہ ملیشیائی لڑاکوں کے حملوں کو روک سکے - کیونکہ ایران اور حزب اللٰہ نے مل کر اسرائیلی حملوں کا جواب دینے کا عہد کیا ہے -
تبصرے