امریکہ کو سی پیک بند کرنے کی یقین دہانی اور چین سے پیسہ اکٹھا کیا جا رہا ہے، فضل الرحمان
- 19, اگست , 2024
نیوز ٹوڈے : جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے سی پیک بند کرنے کی یقین دہانی کرائی جا رہی ہے اور سی پیک بنانے کے عوض چین سے پیسے بٹورے جا رہے ہیں۔
لکی مروت میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عالمی طاقتیں پاکستان کی معاشی طاقت ختم کرنا چاہتی ہیں، امریکا دہشت گردی ختم نہیں کرنا چاہتا بلکہ وہ دہشت گردی کا خالق ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ لکی مروت اور فاٹا کی سرزمین پر آگ لگی ہوئی ہے اور بدامنی کے شعلے بھڑک رہے ہیں۔ افغانستان سے مذاکرات کرکے کامیابی حاصل کی، اس کامیابی کو ناکامی میں کس نے بدلا؟
انہوں نے کہا کہ آپ نے طالبان کو راستہ دیا جو اب سڑکوں پر لوگوں کو لوٹ رہے ہیں۔جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ کا کہنا تھا کہ وہ اس الیکشن کو نہیں مانتے، جعلی حکومت اور الیکشن کو نہیں مانتے، الیکشن کے نتائج تبدیل کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں متحد ہیں کہ کسی کو اپنے وسائل پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے، اصلی اور جعلی حکمران سن لیں، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور دیگر صوبوں کے وسائل کے ساتھ کھڑے ہیں اور کسی کو اس پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔
تبصرے