غزہ میں اسرائیلی بمباری، سول ڈیفنس کے ڈپٹی ڈائریکٹر اہل خانہ سمیت شہید
- 09, ستمبر , 2024
نیوز ٹوڈے : غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری میں غزہ سول ڈیفنس کے ڈپٹی ڈائریکٹر اہل خانہ سمیت شہید ہوگئے۔غزہ سول ڈیفنس کے ترجمان نے ایک بیان میں غزہ سول ڈیفنس کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد عبد الحی مرسی کے جبالیہ میں اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے کی تصدیق کی ہے۔ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے شہری دفاع کے ڈپٹی ڈائریکٹر کے گھر کو نشانہ بنایا گیا، حملے میں ان کے خاندان کے افراد بھی شہید ہوئے۔
غزہ سول ڈیفنس کے ترجمان کے مطابق اسرائیلی حملوں میں غزہ سول ڈیفنس کے 83 اہلکار شہید اور 200 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صہیونی فوج کے وحشیانہ حملوں میں مزید 33 فلسطینی شہید ہوگئے، اس کے علاوہ جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملے میں 3 ایمرجنسی اہلکار بھی شہید ہوگئے۔
اردن کے ساتھ مغربی کنارے کی سرحد پر فائرنگ کے تبادلے میں تین اسرائیلی فوجی مارے گئے جب کہ حملہ آور بھی مارا گیا۔ حملے کے بعد اسرائیل نے اردن کے ساتھ تمام زمینی راستے بند کر دیے۔دوسری جانب غزہ میں اقوام متحدہ کی انسداد پولیو مہم جاری ہے۔ ایک ہفتے کے دوران غزہ میں 69 فیصد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کے بعد غزہ میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں ہزاروں بچے شہید ہو چکے ہیں، اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 40 ہزار 972 سے تجاوز کر چکی ہے، جب کہ 94 ہزار 761 سے زائد فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔
اسرائیلی حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف سے زیادہ صرف بچے اور خواتین ہیں جب کہ اسرائیل کی غزہ پر اندھا دھند بمباری کے باعث لاکھوں لوگ کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔
تبصرے