امریکہ کا ایران کی جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملوں کی حمایت سے انکار
- 03, اکتوبر , 2024
نیوز ٹوڈے : امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ انہوں نے اسرائیل پر واضح کر دیا ہے کہ وہ ایران کی جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملوں کی حمایت نہیں کرتے۔اسرائیلی فوجی تنصیبات پر ایرانی میزائل حملوں کے بعد جو بائیڈن نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ اسرائیل کی مکمل حمایت جاری رکھے گا اور میزائل حملوں کے جواب میں ایران پر مزید اقتصادی پابندیاں عائد کی جائیں گی۔ اتحادی ممالک کے سربراہان کے ساتھ صورتحال پر بات چیت کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ G7 ممالک بشمول کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان اور برطانیہ نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ وہ ایران کی جوہری تنصیبات پر حملوں کی حمایت نہیں کریں گے۔ تاہم اسرائیل کا ردعمل متناسب ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کا پورا خطہ اس وقت خطرے میں ہے، جی 7 ممالک نے بھی ایران پر نئی پابندیاں عائد کرنے پر اتفاق کیا ہے۔واضح رہے کہ دو روز قبل ایران نے اسرائیلی حملوں میں حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ اور حزب اللہ کے رہنما حسن نصر اللہ کی شہادت کا بدلہ لینے کے لیے اسرائیل پر 200 سے زائد میزائل براہ راست فائر کیے تھے۔
ایران نے کہا کہ اس نے صرف اسرائیلی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، کسی عوامی مراکز کو نہیں، اور خبردار کیا کہ اگر اسرائیل نے جوابی کارروائی کی تو اسے سخت جواب دیا جائے گا۔ایرانی حملے کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو ان حملوں کی قیمت چکانی پڑے گی۔
اسرائیلی وزیر اعظم کی جانب سے جوابی کارروائی کے اعلان کے بعد مبصرین کو خدشہ تھا کہ اسرائیل ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنا سکتا ہے جب کہ اسرائیل کے سابق وزیر اعظم نفتالی بینیٹ نے بھی موجودہ اسرائیلی حکومت کو ایران کے جوہری ہتھیاروں پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ ایٹمی پروگرام پر حملہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
تبصرے