برج خلیفہ کی جگہ دنیا کی بلند ترین عمارت کی تعمیر کب مکمل ہوگی؟
- 04, اکتوبر , 2024
نیوز ٹوڈے : دبئی میں برج خلیفہ 2010 سے دنیا کی بلند ترین عمارت ہے لیکن جلد ہی اس سے یہ ریکارڈ چھین لیا جائے گا۔کئی سال کی تاخیر کے بعد سعودی عرب میں جدہ ٹاور کی تعمیر کا باضابطہ طور پر دوبارہ آغاز ہو گیا ہے۔اس سلسلے میں تعمیراتی کمپنی جدہ اکنامک کمپنی کی جانب سے 2 اکتوبر کو تعمیراتی مقام پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر کمپنی کا کہنا تھا کہ دنیا کی پہلی ایک کلومیٹر اونچی عمارت کی تعمیر 2028 تک مکمل ہو جائے گی، جدہ ٹاور کی تعمیر کا کام 2013 میں شروع ہوا تھا لیکن کئی سالوں سے کام رکا ہوا تھا۔2017 میں جب عمارت کی تعمیر روک دی گئی تو اس کا ایک تہائی حصہ مکمل ہو چکا تھا۔
جب یہ عمارت مکمل ہوجائے گی تو یہ دنیا کی بلند ترین عمارت ہوگی جس کی اونچائی 3280 فٹ ہوگی۔یہ دنیا کی پہلی عمارت ہوگی جس کی اونچائی ایک کلومیٹر سے زیادہ ہوگی۔170 منزلہ جدہ ٹاور ہوٹل، اپارٹمنٹس، دفاتر، آؤٹ ڈور ڈیکس اور دیگر ڈھانچے سے لیس ہوگا۔
اس سے قبل اس کی تعمیراتی لاگت کا تخمینہ 2 ارب ڈالر لگایا گیا تھا لیکن کئی سالوں سے کام نہ ہونے کی وجہ سے اس میں اضافہ ہوا ہے۔سرکاری تقریب تو اب ہو چکی ہے لیکن مختلف رپورٹس اور سیٹلائٹ امیجز سے پتہ چلتا ہے کہ تعمیراتی کام کئی مہینوں سے جاری ہے۔
تبصرے