غزہ جنگ کے ایک سال بعد حماس نے ایک بار پھر تل ابیب پر راکٹ داغے
- 07, اکتوبر , 2024
نیوز ٹوڈے : فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے غزہ جنگ کے ایک سال مکمل ہونے پر ایک بار پھر اسرائیل پر راکٹوں سے حملہ کیا ہے۔حماس کے القسام بریگیڈز نے آج غزہ جنگ کے ایک سال مکمل ہونے پر اسرائیلی شہر تل ابیب پر راکٹ فائر کر کے دو اسرائیلی خواتین کو زخمی کر دیا۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وسطی اسرائیل کے علاقے خان یونس سے 5 راکٹ فائر کیے گئے۔عرب میڈیا کے مطابق اگست کے بعد کسی بڑے اسرائیلی شہر پر فلسطینی گروپ کا یہ پہلا حملہ ہے۔
دوسری جانب حزب اللہ نے شمالی اسرائیل میں اسرائیلی فوجیوں اور فوجی گاڑیوں کو بھی میزائلوں سے نشانہ بنایا جب کہ آج حزب اللہ نے اسرائیل کے ساحلی شہر حیفہ پر راکٹوں سے حملہ کیا جس سے 10 اسرائیلی زخمی ہوگئے۔واضح رہے کہ غزہ جنگ کو آج ایک سال مکمل ہوگیا ہے اور غزہ میں اسرائیلی حملوں میں اب تک 42 ہزار فلسطینی شہید اور 97 ہزار زخمی ہوچکے ہیں۔
تبصرے