حزب اللہ نے لبنان میں جنگ بندی کے لیے غزہ کی جنگ بندی کی شرط ہٹا دی؟

سربراہ نعیم قاسم

نیوز ٹوڈے :    حزب اللہ نے لبنان میں جنگ بندی کے لیے پہلے غزہ کی جنگ بندی کی اپنی دیرینہ شرط کو ختم کر دیا۔برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ کے حکام نے لبنان میں حماس کی حمایت میں غزہ میں جنگ بندی ہونے تک اسرائیل پر حملے جاری رکھنے کے اپنے دیرینہ وعدے کو ترک کر دیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق حزب اللہ کے عبوری سربراہ نعیم قاسم نے حزب اللہ کی جانب سے حماس کی حمایت جاری رکھنے کا وعدہ کرتے ہوئے ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی تقریر میں کہا کہ وہ لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ مصطفی بری کی پیشگی شرائط کے بغیر جنگ بندی کا مطالبہ کریں گے۔ 

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہم نبیہ بری کی قیادت میں جنگ بندی کے لیے سیاسی پیش رفت کی حمایت کرتے ہیں تاہم اگر دشمن نے جنگ جاری رکھی تو فیصلہ بھی میدان جنگ میں ہی ہوگا۔خبر رساں ایجنسی نے دعویٰ کیا کہ دو روز قبل حزب اللہ کے ایک ادنیٰ عہدے دار نے بھی لبنان میں جنگ بندی کو غزہ کے مسئلے سے منسلک کیے بغیر بات کی تھی۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق حزب اللہ نے ابھی تک غزہ جنگ بندی کے حوالے سے اپنی پالیسی میں تبدیلی کا باضابطہ اعلان نہیں کیا، اس کہانی پر مؤقف اختیار کرنے کی کوشش بھی کی گئی تاہم حزب اللہ کے نمائندوں نے اپنا موقف دینے سے انکار کردیا۔

دوسری جانب حماس کے سینئر رہنما سامی ابو زہری نے حزب اللہ پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے برطانوی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو میں کہا کہ ہمیں غزہ جنگ بندی پر حزب اللہ کے موقف پر مکمل اعتماد ہے۔

user

تبصرے

بطور مہمان تبصرہ کریں:
+