حزب اللہ نے شمالی اسرائیلی شہروں میں بڑی تباہی مچانے کی دھمکی دے دی
- 10, اکتوبر , 2024
نیوز ٹوڈے : لبنان کی مزاحمتی جماعت (حزب اللہ) نے دھمکی دی ہے کہ اگر اسرائیل نے لبنان پر اسی طرح فضائی حملے جاری رکھے تو شمالی اسرائیل کے (حیفا) اور دوسرے شہروں کو بڑی تباہی کا سامنا کرنا پڑے گا - 23 ستمبر سے لبنان پر اسرائلی بمباری میں شدت آ گئی ہے ـ منگل کے دن اسرائیل نے لبنان کے دارالحکومت (بیروت کے نواحی علاقہ الضاحیہ) پر 4 فضائی حملے کیے - اس کے علاوہ شمالی بقاع کے شہر بعلبک کے ارد گرد خصوصاً بنی شیت ، بریتال ، الفاکہہ اور دورس کے علاقوں پر شدید بمباری کی - اسرائیل کے بحری جنگی جہاز سے الضاحیہ پر 3 میزائل بھی داغے گۓ -
اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ منگل کے دن لبنان سے شمالی اسرائیلی علاقوں پر 85 راکٹ فائر کیے گۓ جن کانشانہ حیفا شہر تھا - حزب اللہ نے ٹیلی گرام چینل پر دی گئی پوسٹ میں کہا ہے کہ اس کے لڑاکے جنوبی لبنان کے سرحدی علاقوں میں اسرائیلی فوجیوں کی پیش قدمی کو روکنے میں مصروف ہیں - حزب اللہ کے دیے گۓ بیان کے مطابق ان جھڑپوں میں 35 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں جن میں اسرائیلی فوج کے افسران بھی شامل ہیں - صیہونی فوج لبنان میں اپنی زمینی کارروائی کو محدود آپریشن قرار دے رہی ہے - لیکن پچھلے ہفتے سے شروع ہونے والے اس آپریشن کا دائرہ وسیع ہوتا جا رہا ہے -
تبصرے