نیتن یاہو نے ایران کے خلاف جوابی کارروائی کے اپنے اہداف کی منظوری دی
- 17, اکتوبر , 2024
نیوز ٹوڈے : اسرائیلی وزیراعظم نے ایران کے اسرائیل پر حملوں کا جواب دینے کے لیے اپنے آپریشن کے دوران ایرانی اہداف کو نشانہ بنانے کی منظوری دی۔اسرائیلی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے گزشتہ ماہ اسرائیل پر ایران کے براہ راست میزائل حملوں کے جواب میں اسرائیلی کارروائی کے لیے ایرانی اہداف کی منظوری دے دی ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ذریعے نے اہداف کی تفصیلات فراہم نہیں کیں اور نہ ہی یہ واضح کیا کہ آیا اسرائیلی فوج اہداف کو نشانہ بنائے گی یا نہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ متوقع اسرائیلی کارروائی کے آغاز کے لیے کوئی وقت مقرر نہیں کیا گیا ہے۔ یکم اکتوبر کو ایران نے اصفہان، تبریز، خرم آباد، کرج اور اراک سے براہ راست اسرائیل پر 400 بیلسٹک میزائل داغے۔ مقبوضہ بیت المقدس سمیت پورے اسرائیل میں سائرن بجنے لگے۔
بعد ازاں ایرانی میزائل حملوں پر ممکنہ اسرائیلی ردعمل پر بات کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا کہ ایران کے میزائل حملے جارحانہ تھے لیکن درستگی نہ ہونے کی وجہ سے ناکام ہوئے، ہمارے جوابی حملے ایسے ہوں گے کہ سمجھ میں نہیں آئیں گے۔ کیا ہوا اور کیسے وہ صرف حملوں کے نتائج دیکھیں گے۔
پاسداران انقلاب نے اسرائیل پر حملے کو حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ اور حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصر اللہ پر حملے کا بدلہ قرار دیا۔پاسداران انقلاب کے مطابق ایرانی فضائیہ نے کئی بیلسٹک میزائلوں سے اسرائیل کے قلب میں کئی اہم فوجی اور سیکورٹی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا۔
ایرانی حملے کے بعد اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی میزائل بعض اسرائیلی فضائی اڈوں پر گرے۔اسرائیلی حکام کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے داغے گئے زیادہ تر میزائلوں کو امریکا کی مدد سے ناکام بنا دیا گیا، کچھ میزائل زمین پر گرے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
تبصرے