جنوبی لبنان میں حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جھڑپوں میں 3 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 12 زخمی
- 17, اکتوبر , 2024
نیوز ٹوڈے : حزب اللہ نے شمالی اسرائیل پر 90 سے زائد راکٹ اور ڈرون فائر کیے اور جنوبی لبنان میں حزب اللہ اور اسرائیلی فوج کے درمیان شدید جھڑپوں میں تین اسرائیلی فوجی ہلاک اور بارہ زخمی ہوگئے۔
صیہونی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے شمالی اسرائیل پر حزب اللہ کے 90 سے زائد راکٹ اور ڈرون حملوں میں 4 اسرائیلی زخمی اور املاک کو بھی نقصان پہنچا۔دوسری جانب جنوبی لبنان میں سرکاری عمارت پر اسرائیلی طیاروں کی بمباری سے مقامی میئر سمیت 15 افراد شہید ہوگئے۔
لبنان کے شہر قنا میں گھر اور طبی مرکز اور المونا قصبے پر اسرائیلی بمباری سے 20 سے زائد افراد جاں بحق، چوبیس گھنٹوں میں 27 افراد جاں بحق ہوگئے۔اسرائیل نے بیروت میں حزب اللہ کے زیر زمین ہتھیاروں کے ڈپو کو نشانہ بنانے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کی غزہ پر بمباری جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی جارحیت سے 70 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔جبالیہ کیمپ کا اسرائیلی محاصرہ بارہ روز سے جاری ہے جہاں لاکھوں فلسطینی پھنسے ہوئے ہیں۔
غزہ میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا، امریکا نے بھی اسرائیل سے ثابت کرنے کا مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں فلسطینیوں کو بھوکا مارنے کی پالیسی نہیں رکھتا۔
اس سے قبل امریکا نے اسرائیل سے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ اسرائیل 30 دن میں غزہ کی امدادی صورتحال کو بہتر کرے ورنہ امریکی فوجی امداد میں کٹوتی کے لیے تیار رہے۔
تبصرے