وہ وقت جب ناشتہ جسمانی وزن اور بلڈ پریشر کو کم کرنے میں آسانی پیدا کرتا ہے
- 05, دسمبر , 2024
نیوز ٹوڈے : اگر آپ جسمانی وزن میں کمی اور بلڈ پریشر کو صحت مند سطح پر رکھنا چاہتے ہیں تو اس سلسلے میں ناشتے کا وقت بہت اہم ہو سکتا ہے۔یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے۔جرنل آف نیوٹریشن میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ ناشتے کا وقت جسمانی وزن اور بلڈ پریشر کے لحاظ سے اہم ہے۔
اس تحقیق میں ماضی کی کئی تحقیقی رپورٹس کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا جس میں موٹے افراد شامل تھے۔ اس تحقیق میں دیکھا گیا کہ کھانے کے اوقات جسمانی وزن اور بلڈ پریشر کی سطح کو کس حد تک متاثر کرتے ہیں۔
اس مقصد کے لیے یہ دیکھا گیا کہ جلدی، دیر سے یا غیر معینہ مدت تک کھانے سے صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔مطالعہ نے وقفے وقفے سے روزہ رکھنے اور روایتی پرہیز کا موازنہ بھی کیا۔
واضح رہے کہ وقفے وقفے سے روزے میں روزانہ ایک خاص مدت تک کھانے سے پرہیز کرنا شامل ہے۔ حالیہ برسوں میں وزن کم کرنے کے لیے اس طریقے کو کافی مقبولیت حاصل ہوئی ہے جب کہ تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وقفے وقفے سے روزہ رکھنے سے ورم سے لڑنے میں مدد ملتی ہے جبکہ صحت مند زندگی کا حصول ممکن ہوتا ہے۔
اس تحقیق میں اثرات کو دیکھا گیا اگر کوئی شخص 10 گھنٹے کے اندر اپنے پورے دن کا کھانا کھا لے اور 14 گھنٹے تک کھانے سے پرہیز کرے۔تحقیق میں بتایا گیا کہ نہ صرف کیلوریز کی مقدار میں کمی یا روایتی پرہیز فائدہ مند ہے بلکہ کھانے کا وقت جسمانی وزن میں نمایاں کمی لاتا ہے۔
تحقیق کے مطابق جو لوگ صبح 11 بجے سے پہلے ناشتہ کرتے ہیں ان کا وزن دوسروں کے مقابلے میں زیادہ کم ہوتا ہے۔ محققین کے مطابق کسی بھی وقت ناشتہ کرنا وزن میں کمی کے لیے ناشتہ نہ کرنے سے بہتر ہے لیکن صبح 11 بجے سے پہلے ناشتہ کرنے سے بلڈ پریشر کی سطح پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
تبصرے