منفرد سولر پینل تیار کیے گئے جو رات کو بجلی پیدا کر سکتے ہیں۔
- 30, دسمبر , 2024
.webp)
نیوز ٹوڈے : ویسے تو سولر پینل دن میں سورج کی روشنی سے بجلی پیدا کرتے ہیں لیکن کیا رات کو ان سے توانائی حاصل کرنا ممکن ہے؟اس پر یقین کرنا مشکل ہو سکتا ہے، لیکن سائنسدانوں نے واقعی ایسے شمسی پینل تیار کرنے میں پیش رفت کی ہے جو رات کے وقت بجلی پیدا کر سکتے ہیں۔
جی ہاں، واقعی، امریکہ کی سٹینفورڈ یونیورسٹی نے ایک ایسا سولر پینل تیار کیا ہے جو رات کے وقت بجلی پیدا کر سکتا ہے۔
اس مقصد کے لیے انہوں نے ریڈی ایٹو کولنگ کا استعمال کیا ہے۔ بنیادی طور پر، ریڈی ایٹو کولنگ ایک ٹیکنالوجی ہے جس میں اشیاء کو منعکس کر کے یا گرمی کا اخراج کرکے ٹھنڈا کیا جاتا ہے۔
خاص طور پر رات کے وقت قدرتی ریڈی ایٹو کولنگ کا عمل زیادہ فعال ہوتا ہے، جس کے دوران زمین سے خلا میں انفراریڈ توانائی خارج ہوتی ہے، اس دوران کسی چیز اور اس کے اردگرد کی فضا کا درجہ حرارت مختلف ہوتا ہے، جسے بجلی پیدا کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اس عمل کو ذہن میں رکھتے ہوئے ماہرین نے تھرمو الیکٹرک جنریٹرز کو عام کمرشل سولر پینلز سے جوڑ کر زمین سے خارج ہونے والی حرارت سے کچھ بجلی پیدا کرنے میں کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے پینلز میں بھی تبدیلیاں کیں تاکہ رات کے وقت فی مربع میٹر 50 ملی واٹ بجلی حاصل کرنا ممکن ہو سکے۔ واضح رہے کہ سولر پینل عام طور پر دن کی روشنی میں فی مربع میٹر 200 واٹ بجلی پیدا کرتے ہیں، یعنی رات کے وقت پیدا ہونے والی بجلی کی مقدار بہت کم تھی۔
لیکن اتنی بجلی بھی چھوٹے آلات جیسے کہ ایل ای ڈی اور سینسر کو چلانے کے لیے استعمال کی جا سکتی ہے۔
سٹینفورڈ یونیورسٹی کی تحقیقی ٹیم کے رہنما شنہوئی فین نے کہا کہ اگرچہ یہ طریقہ بہت کم توانائی پیدا کرتا ہے لیکن اس میں نمایاں بہتری کی صلاحیت موجود ہے۔یہ طریقہ صرف رات کے وقت کام کر سکتا ہے جب آسمان صاف ہو کیونکہ بادل انفراریڈ توانائی واپس زمین پر بھیجتے ہیں۔
لیکن ماہرین نے کہا کہ اس حوالے سے مزید تحقیقی کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مخصوص مواد اور تھرمو الیکٹرک کی افادیت کو جانچا جا سکے جس سے توانائی کی مناسب مقدار حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
یعنی ابھی کے لیے ہمیں گھروں میں ایسے سولر پینلز کے استعمال کے لیے کچھ وقت انتظار کرنا پڑے گا۔

تبصرے